اوتانی کے سابق مترجم کا بینک فراڈ، ٹیکس الزامات کا اعتراف

میجر لیگ بیس بال کے جاپانی کھلاڑی اوتانی شوہے کے سابق مترجم نے جوئے میں سالوں سے ہونے والے نقصانات پورے کرنے کے لیے چوٹی کے اس کھلاڑی کی ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے قریب رقم چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

میزوہارا ایپی منگل کو سانتا اینا، کیلیفورنیا کی ایک وفاقی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے بینک فراڈ اور جھوٹے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے الزامات کا اعتراف کیا۔

جج نے میزوہارا کو اپنے الفاظ میں الزامات کی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اس نے کہا کہ وہ "جوئے کے بھاری قرضوں میں ڈوب گیا تھا، اور وہ واحد راستہ جس کے بارے میں وہ سوچ سکتا تھا" اوتانی کے بینک اکاؤنٹ میں موجود قابلِ رسائی رقم کو استعمال کرنا تھا۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ میزوہارا نے 2021 میں ایک غیر قانونی بک میکر کے ذریعے کھیلوں پر سٹے بازی شروع کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نے تقریباً 1 کروڑ 70 لاکھ ڈالر چوری کیے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اوتانی جوئے میں ملوث تھا یا اس کے بارے میں جانتا تھا۔

میزوہارا کو زیادہ سے زیادہ 33 سال قید کا سامنا ہے۔ تاہم، اس نے گزشتہ ماہ وفاقی استغاثہ کے ساتھ اقبال جرم کا معاہدہ کیا تھا، جس سے اس کی سزا میں بڑی حد تک کمی ہونے کا امکان ہے۔ سزا 25 اکتوبر کو سنائی جائے گی۔