شمالی اور مشرقی جاپان میں غیر مستحکم موسم سے چوکنّا رہنے کا انتباہ

جاپان کے محکمۂ موسمیات کے حکام لوگوں کو آسمانی بجلی گرنے، بگولوں اور مقامی طور پر ہونے والی بارشوں سے چوکنا رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، کیونکہ ملک کے مشرقی اور شمالی حصوں میں ماحولیاتی حالات بہت غیرمستحکم ہیں۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اِس کی وجہ یہ ہے کہ بلندیوں پر چلتی ٹھنڈی ہوا آ رہی ہے اور مرطوب ہوا ایک کم دباؤ والے نظام کی طرف چل رہی ہے جو بحیرۂ جاپان کے اُوپر مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اِس کی وجہ سے کانتو اور جنوبی توہوکُو کے علاقوں میں برساتی گھٹائیں بنی ہیں۔

ٹوکیو کے ہانیدا ہوائی اڈے پر اتوار کی شام 4 سے 5 بجے کے درمیان بارش 49 ملی میٹر اور اِباراکی پریفیکچر کے رِیُوگاساکی شہر میں 42 ملی میٹر تک پہنچ گئی۔

توقع ہے کہ مشرقی اور شمالی جاپان میں غیر مستحکم موسمی حالات پیر کے روز تک جاری رہیں گے۔

محکمۂ موسمیات کے حکام لوگوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ آسمانی بجلی گرنے، بگولوں اور ہواؤں کے اچانک جھکّڑوں کے ساتھ ساتھ مقامی طور پر شدید بارش اور اولے پڑنے سے محتاط رہیں۔