فرانسیسی حکام نے اولمپک مقام پر دہشت گردانہ حملہ ناکام بنا دیا

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک چیچن شہری کو پیرس اولمپک گیمز کے مقام کو نشانہ بناتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔

وزارت داخلہ نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ ملک کی سکیورٹی سروسز نے وسطی فرانس کے شہر سینٹ ایٹین میں ایک 18 سالہ چیچن نوجوان کو گرفتار کیا۔

وزارت نے کہا کہ یہ اولمپک گیمز کے خلاف پہلا ناکام بنایا جانے والا حملہ ہے۔

وزارت کے حکام نے بتایا کہ مشتبہ شخص اسلامی شدت پسندی سے متاثر تھا اور اس نے شہر کے ایک فٹ بال اسٹیڈیم میں تماشائیوں اور سیکورٹی فورسز پر حملہ کرنے اور شہید ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

فرانس کی حکومت نے مارچ میں ماسکو کے مضافات میں مبینہ طور پر دولت اسلامیہ عسکریت پسند گروپ کی طرف سے کیے گئے ایک حملے کے بعد ملک بھر میں دہشت گردی کے خطرے کو بلند ترین سطح پر بڑھا دیا تھا۔

اولمپک کے کچھ مقابلے 24 جولائی کو کھیلوں کے آغاز سے پہلے شروع ہوں گے۔