بچوں سے متعلق پالیسیوں کو مضبوط بنانے کے لیے جاپانی حکومت کا ایکشن پلان

حکومت جاپان نے ایک لائحہ عمل اپنایا ہے جس کا مقصد بچوں سے متعلق پالیسیوں کو مضبوط بنانا ہے۔ ملک میں گرتی ہوئی شرح پیدائش اور بچوں کی غربت سے نمٹنے کے اقدامات اس منصوبے کا حصہ ہیں۔

حکومت نے جمعہ کے روز منعقدہ اجلاس میں منصوبے کی منظوری دی۔ اس میں آئندہ پانچ سال میں بچوں سے متعلق پالیسیوں کو نافذ کرنے کے طریقے طے کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت تقریباً 400 ایسے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا جن کا مقصد بچپن سے بلوغت تک ہمہ گیر امداد فراہم کرنا ہے۔

حکومت کو توقع ہے کہ شرح پیدائش میں ہوتی کمی کے رجحان کو مالی امداد سے روکا جا سکے گا۔ حکومت بچوں کے پرورش الاؤنس میں اضافہ، ہائی اسکول کے بعد کی تعلیم کی بھاری لاگت میں کمی اور دیگر اقدامات کرنا چاہتی ہے۔

منصوبے میں بچوں کی غربت، اور اُن میں خودکشی کے مسئلے سے نمٹنے کے اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔ ایسے بچوں کی اعانت بھی کی جائے گی جو خاندان کے افراد کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ایسے بچوں کو ’’ینگ کیئررز‘‘ یعنی دیکھ بھال کرنے والے کم عمر کہا جاتا ہے۔