اسرائیلی وزیر دفاع کا رفح میں فوجی آپریشن کی اہمیت پر زور

اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے یہ کہتے ہوئے کہ ان کے پاس یرغمال بنائے گئے افراد کی غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح میں موجودگی کے بارے میں ٹھوس معلومات ہیں، وہاں فوجی کارروائیوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز کہا کہ گیلنٹ نے یہ بات امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ رات گئے فون کال میں کہی۔

اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ اس کی افواج نے غزہ اور مصر کے درمیان سرحد پر فلاڈیلفی کوریڈور نامی تقریباً 14 کلومیٹر طویل زمینی پٹی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس علاقے کے راستے اسلحہ اور دیگر سامان مصر سے غزہ اسمگل کیا جا رہا ہے۔ اس نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے وہاں تقریباً 20 سرنگیں دریافت کی ہیں، اور وہ سروے کرتے ہوئے انہیں تباہ کر رہے ہیں۔