جاپان کا 2040 تک ’پیرو وسکائٹ‘ شمسی سیل متعارف کرانے کا ارادہ

جاپان کی وزارت صنعت مالی سال 2040 تک جدید ترین پیرو وسکائٹ سولر سیل متعارف کرانے کا ہدف مقرر کرے گی کیونکہ اِس ٹیکنالوجی کی تیاری کے لئے عالمی مسابقت میں تیزی آ رہی ہے۔

سرکاری اور نجی شعبوں سمیت سیل بنانے والوں پر مشتمل مشاورتی کونسل نے اِس مقصد کے حصول کی خاطر روڈ میپ تیار کرنے کے لئے بدھ کو اپنا پہلا اجلاس منعقد کیا۔

یہ کونسل بڑے پیمانے پر پیداواری نظام کی تیاری اور لاگت کو کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ موسم خزاں تک حکومت کو اپنی حکمت عملی تیار کرنے میں مدد مل سکے۔

پرو وسکائٹ شمسی سیل جاپان کے لیے نہایت موزوں تصور کیے جاتے ہیں کیونکہ اِنہیں آیوڈین کے مرکبات سے تیار کیا جاتا ہے جو اندرون ملک دستیاب ہیں۔ یہ سیل وزن میں ہلکے اور لچکدار ہیں اور انہیں عمارات کی دیواروں پر نصب کیا جا سکتا ہے۔ یہ اُس صورت میں مفید ہے جہاں جگہ کم ہو۔