شمالی کوریائی بیلسٹک میزائل خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرے: جاپان

جاپان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جمعرات کی صبح متعدد بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ تمام میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرے ہیں۔ کسی بحری جہاز یا ہوائی جہاز کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

وزارت کے مطابق میزائل صبح تقریباً 6 بجکر 13 منٹ پر لانچ کیے گئے۔ کم از کم ایک بیلسٹک میزائل تقریباً 100 کلومیٹر کی زیادہ سے زیادہ اونچائی تک پہنچا اور اِس نے 350 کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کیا۔

بظاہر یہ تمام میزائل جزیرہ نما کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں گرے۔

جاپانی وزیراعظم کشیدا فومیو کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت معلومات جمع کر رہی ہے اور صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔

جناب کشیدا نے کہا، ’’شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل لانچ کرنے کا عمل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ جاپان اُس کے اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہم نے پہلے ہی احتجاج ریکارڈ کروا دیا ہے‘‘۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا ماننا ہے کہ شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے 10 سے زیادہ بیلسٹک میزائل بحیرہ جاپان کی طرف داغے ہیں۔

اِس کا کہنا ہے کہ میزائل سُونان سے لانچ کیے گئے جہاں دارالحکومت پیونگ یانگ کا ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی موجود ہے۔