غزہ کی لڑائی اختتامِ سال تک جاری رہے گی: اسرائیل

اسرائیل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں ممکنہ طور پر سال کے باقی مہینوں تک جاری رہیں گی۔

قومی سلامتی کے مشیر زاکی ہانَجبی نے بدھ کے روز ایک مقامی میڈیا ادارے سے بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اسلامی گروپ حماس کی حکومتی اور فوجی صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے لئے مزید سات ماہ کی لڑائی کی توقع کر رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز بھی اس محصور علاقے پر حملے جاری رکھے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں ایک گھر پر فضائی حملے میں تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مبینہ طور پر پندرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی عدالت انصاف کی جانب سے جمعے کے روز عبوری اقدامات کے طور پر، اسرائیل کو فوری طور پر فوجی کارروائی روکنے کا حکم دیے جانے کے بعد بھی اسرائیل رفح میں اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں بھی حماس سے لڑائی دوبارہ شروع کر دی ہے۔ قبل ازیں اُس کا کہنا تھا کہ فوج نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔