ٹوکیو ہارومی فلیگ کے بیس فیصد اپارٹمنٹ فروخت اور کرایہ کے لیے پیش

این ایچ کے کو معلوم ہوا ہے کہ ٹوکیو سمر اولمپکس ایتھلیٹس ولیج سائٹ کی بلند رہائشی عمارتوں کے تقریباً 20 فیصد فلیٹس کرائے یا دوبارہ فروخت کے لئے پیش کیے گئے ہیں۔

ہارومی فلیگ نامی یہ مقام دارالحکومت کے چُواو وارڈ میں خلیج ٹوکیو سے گھرا ہوا ہے۔ ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت نے اسے بنیادی طور پر خاندانوں کی رہائش کو ذہن میں رکھتے ہوئے کنڈومینیم بلاکس میں تیار کیا تھا۔ جنوری سے رہائشی یہاں منتقل ہو رہے ہیں۔

این ایچ کے نے ریکارڈ کو دیکھ کر دریافت کیا کہ کمپنیوں نے سرمایہ کاری اور دیگر مقاصد کے لئے کچھ یونٹ خریدے ہیں۔

رئیل اسٹیٹ ویب سائٹس اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ رواں ماہ تک کرائے یا دوبارہ فروخت کے لئے 491 فلیٹس تھے، جن میں سے 164 دوبارہ فروخت اور 327 کرائے کے لئے تھے۔ ہارومی فلیگ میں مجموعی طورپر دو ہزار چھ سو نوے یونٹس برائے فروخت ہیں۔

دوبارہ فروخت کے لیے پیش کردہ یونٹس کی قیمتیں اصل قیمتوں سے ڈیڑھ سے دو گنا زیادہ رکھی گئیں ہیں۔ اِن میں سے ایک یونٹ کی قیمت تقریباً دس کروڑ نوے لاکھ ین یا قریباً سات لاکھ ڈالر رکھی گئی تھی جبکہ اُسے 23 کروڑ 80 لاکھ ین یا تقریباً 15 لاکھ ڈالر میں خریدا گیا۔