جاپانی ٹرینوں میں مقناطیسی ٹکٹوں کی جگہ ’’کیو آر‘‘ کوڈز

ٹوکیو اور اس کے آس پاس کے ریل آپریٹرز نے اپنی مقامی ٹرینوں پر سفر کے لئے مقناطیسی ٹکٹوں کی جگہ کیو آر کوڈ کے اجرا کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ریچارج ایبل آئی سی کارڈ مسافروں کے لئے اب تک کا سب سے عام انتخاب بن چکے ہیں۔

ایسٹ جاپان ریلوے سمیت آٹھ کمپنیوں نے مشترکہ طور پر اس اقدام کا اعلان کیا۔ وہ مالی سال 2026 سے مرحلہ وار اپنے مقناطیسی ٹکٹوں کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مقناطیسی پشت والے کاغذی ٹکٹوں کی مانگ میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ 2007 میں ان کا کل حصہ تقریباً 35 فیصد تھا، تاہم اِس کے بعد سے یہ گھٹ کر لگ بھگ 5 سے 10 فیصد رہ گیا ہے۔

یہ تبدیلی ماحول پر بوجھ کو بھی کم کرے گی کیونکہ دھاتی مرکبات کی موجودگی کے باعث مقناطیسی ٹکٹوں کو ری سائیکل کرنا مشکل ہوتا ہے۔