ٹویوٹا، مزدا اور سُوبارُو ماحول دوست انجن تیار کر رہی ہیں

جاپان کی تین بڑی کار ساز کمپنیوں ٹویوٹا موٹر، مزدا موٹر اور سُوبارُو نے اُن جدید ترین ماحول دوست انجنوں کی رونمائی کے لیے ایک پریزنٹیشن کا انعقاد کیا ہے جنہیں وہ تیار کر رہی ہیں۔

منگل کو ہونے والی اِس مشترکہ تقریب کا مقصد انجن چلانے میں بجلی کے استعمال اور کاربن نیوٹریلٹی کے لئے تینوں آٹومیکرز کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔

ٹویوٹا موٹر کے صدر اور سی ای او ساتو کوجی نے کہا، ’’ہر کمپنی ای وی بیٹری کی ترقی پر کام کر رہی ہے، لیکن یہ انجن بھی کاربن نیوٹریلٹی کے لئے ملٹی پاتھ وے اپروچ کی ایک لازمی ٹیکنالوجی ہے۔ ہم سب بجلی کے دور کے لئے بہترین انجن تیار کریں گے‘‘۔

ٹویوٹا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں اور دیگر برقی ماڈلوں کے لیے ایک چھوٹا لیکن زیادہ ایندھن بچانے والا انجن تیار کر رہی ہے۔

مزدا نے اپنی مشہور روٹری انجن ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے ایسے انجن تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو بائیو فیول سمیت مختلف قسم کے ایندھن سے چل سکتے ہیں۔

سُوبارُو نے کہا کہ وہ ایک فلیٹ یا ’’ہوریزنٹیلی اَپوزڈ انجن‘‘ کے ملاپ سے زیادہ ایندھن بچانے والی گاڑیاں تیار کرے گی۔ یہ انجن برقی یونٹ کے ساتھ کم ارتعاش پیدا کرتا ہے۔