سن فش کی جیلی فش کو نگلنے کی نایاب ویڈیو وائرل

جاپان کے ایک مچھلی گھر میں جیلی فش کو نگلنے والی سن فش کی ایک نایاب ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جسے لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

یہ تصاویر مغربی جاپان میں واقع شہر شی مونوسےکی کے ایکویریم میں لی گئی تھیں۔

ایکویریم کی جانب سے X یا سابق ٹوئٹر کے پلیٹ فارم پر پوسٹ کرنے کے بعد صرف ایک دن سے کچھ زائد وقت میں اس ویڈیو کو 25 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

این ایچ کے کے عملے کے ایک رکن نے بھی ان مناظر کو ریکارڈ کیا ہے۔

کائی کیوکان ایکویریم کے عہدیداروں نے کہا کہ مچھلی گھر میں رہنے والی کسی مچھلی کو جیلی فش پوری طرح کھاتے ہوئے دیکھنے کا موقع شاذ و نادر ہی میسر آتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ قدرتی ماحول میں سن فش کی عام خوراک میں جیلی فش بھی شامل ہے۔

حکام نے ایک ماہر کا حوالہ دیا ہے، جن کے مطابق، یہ فوٹیج جیلی فش کو پوری نگلنے والی مچھلی کی پہلی فلم ہو سکتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ماہر نے مچھلی گھر کے عملے کو فوٹیج پر تحقیقی مقالہ لکھنے کا مشورہ دیا ہے۔