تعمیر نو میں مدد کے لیے جاپان کا یوکرین کو ریل کی پٹریوں کا عطیہ

جاپان عطیے کی صورت میں یوکرین کو ریل کی پٹریاں فراہم کرے گا تاکہ روس کے حملے سے بری طرح تباہ ہونے والے ریلوے نیٹ ورک کی تعمیر نو میں مدد کی جا سکے۔

اس سلسلے میں منگل کو کیف میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ شرکاء میں جاپانی سفیر ماتسُودا کُونی نوری اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، جائیکا، کے عہدیدار شامل تھے۔

اس امداد کے تحت جائیکا 25 ہزار ٹن ریل کی پٹریاں فراہم کرے گا جو تقریباً 190 کلومیٹر طویل ٹریک پر مشتمل ہوں گی۔ انہیں بحری جہاز کے ذریعے جاپان سے پولینڈ پہنچایا جائے گا، جہاں سے انہیں ریل گاڑی کے ذریعے آگے منتقل کیا جائے گا۔ پٹریوں کی پہلی کھیپ پہنچ چکی ہے۔

فورک لفٹس اور دیگر سامان بھی مہیا کیا جائے گا۔

مشرقی شہر ماریوپول میں ازووسٹال سٹیل مل کی روسی افواج کے ہاتھوں تباہی کے بعد یوکرین کو مقامی سطح پر ریل کی پٹریاں حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ریلوے چلانے والے سرکاری ادارے کے سربراہ یوہین لیاشینکو نے جاپان کی اعانت کو ناگزیر اہمیت کی حامل قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ یوکرین کے بنیادی ڈھانچے میں "ریل کی پٹریوں کو کلیدی حیثیت حاصل ہے"۔

یوکرین میں جائیکا کے دفتر کے سربراہ، ماتسُوناگا ہیدے کی نے کہا کہ جاپان کو ریلوے کے شعبے میں وسیع تر مہارت حاصل ہے اور یوکرین نے جاپان کی اعانت سے بلند امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جائیکا یوکرین کی اعانت جاری رکھے گی۔