کِیُوشُو، شِکوکُو اور توکائی میں طوفانی بارش کا امکان

جنوبی کِیُوشُو کے اُوپر ایک کم دباؤ والے نظام میں چلنے والی گرم اور مرطوب ہوا کی وجہ سے مغربی جاپان اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہو رہی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کم دباؤ کے نظام کے ہمراہ ہوا کا ایک ارتکازی خط جاپان کے بحرالکاہل کے ساحل کے ساتھ شمال مشرق کی طرف بڑھے گا۔

اوکِیناوا، اَمامی اور مغربی جاپان میں منگل کے روز اور توہوکُو اور مشرقی جاپان میں بُدھ تک طوفانی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

موسم کی پیشگوئی کرنے والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوچی اور توکُوشِیما پریفیکچروں میں موسلا دھار بارشیں لانے والی گھٹائیں منگل کی شام تک بن سکتی ہیں۔

شدید بارش کی اسی طرح کی گھٹائیں شام دیر گئے تک آئِیچی، گِفُو اور شِزُواوکا پریفیکچروں کو متاثر کر سکتی ہیں۔

اس قسم کی موسلادھار بارشیں مختصر وقت میں سانحے کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے حکام نے زور دیا ہے کہ مٹّی کے تودے گرنے، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور دریاؤں میں طغیانی کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے، بگولوں، آندھیاں آنے اور ژالہ باری سے محتاط رہا جائے۔