مصنوعی سیارہ داغنے کی تازہ ترین کوشش ناکام ہو گئی: شمالی کوریا

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ فوجی جاسوس مصنوعی سیارہ داغنے کی اُس کی تازہ ترین کوشش پیر کے روز اُس وقت ناکام ہو گئی جب اُسے لے جانے والا راکٹ ہوا میں پھٹ گیا۔

یہ اعلان شمالی کوریا کی قومی خلائی ٹیکنالوجی انتظامیہ نے سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے ذریعے کیا۔ اِس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے شمال مغرب میں سوہے لانچنگ اسٹیشن سے راکٹ داغے جانے کے بعد وہ پرواز کے پہلے مرحلے کے دوران پھٹ گیا۔

مذکورہ خلائی ادارے نے کہا کہ ابتدائی نتیجہ یہ نکلا ہے کہ نئے تیار کردہ انجن کی کارگزاری کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا سکتا ہے۔

شمالی کوریا کے ساتھ واقع سرحد کی چینی جانب پر این ایچ کے، کے ایک کیمرے کے ذریعے لی گئی وڈیو فوٹیج میں پیر کی شب سوہے اسٹیشن کے قریب سے اُٹھتا ہوا ایک چمک دار نقطہ آسمان میں جاتا دکھائی دیا۔ اِسے بعد میں نارنجی شعلوں میں پھٹتے دیکھا گیا۔

شمالی کوریا کی جانب سے گزشتہ نومبر میں اِسی طرح کا مصنوعی سیارہ داغے جانے کے بعد، یہ فوجی جاسوس مصنوعی سیارہ داغنے کی چوتھی کوشش تھی۔