اوکیناوا کے شُری قلعہ میں آتشزدگی کے بعد بحالی جاری، دعائیہ تقریب منعقد

جنوبی جاپان کے اوکیناوا پریفیکچر میں واقع شُری قلعے کی جاری تعمیرِ نو کی سلامتی کی دعا کے لیے ایک روایتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس قلعے کا مرکزی ہال اور دیگر عمارتیں 2019ء میں آگ لگنے سے تباہ ہو گئی تھیں۔

چھت کا کچھ حصہ مکمل ہونے کے بعد پیر کے روز بڑھئیوں سمیت تقریباً 80 افراد نے اس رسم میں حصہ لیا۔

شرکاء نے مرکزی ہال کی سمت اور پوزیشن کا جائزہ لیا اور رسی کی مدد سے ایک شہتیر کو اٹھایا۔

شہتیر کو مخصوص جگہ پر نصب کرنے کے لیے ہتھوڑے سے ضرب لگائے جانے کے بعد سب نے دعا کی۔

سربراہ بڑھئی کوندو کاتسُوآکی نے کہا کہ وہ عمارت کی بحالی میں ایک اہم مرحلے کی تکمیل پر مسرور ہیں۔

چھت کے کام کے نگران اوکُومُورا کوجی نے کہا کہ قلعے کی بحالی میں مزید ڈھائی سال لگیں گے، اور وہ کام میں مسلسل پیشرفت کے لیے پُرعزم ہیں۔

اصل شُری قلعہ تقریباً 500 سال پہلے تعمیر ہوا تھا۔ یہ دوسری جنگ عظیم کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔ مرکزی ہال اور دیگر عمارتوں کو کئی دہائیوں بعد دوبارہ تعمیر کیا گیا۔ 2000ء میں، اصل قلعے کے کھنڈرات کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ مقام کا درجہ دیا گیا تھا۔