تل ابیب پر حماس کا راکٹ حملہ، اسرائیل کے رفح پر حملے جاری

تل ابیب پر حماس نے راکٹ حملے کیے ہیں جبکہ جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جنوری کے بعد پہلی بار تل ابیب کو نشانہ بنایا گیا۔

حماس نے اتوار کے روز کہا تھا کہ اس نے تل ابیب پر راکٹوں سے بمباری کی ہے۔

یہ ایسے وقت کیا گیا جب اسرائیلی فوج رفح میں اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی عدالتِ انصاف نے عارضی اقدام کے طور پر اسرائیل کو علاقے میں فوری طور پر حملے روکنے کا حکم دیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ رفح میں اس کے فوجیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے "دہشت گردوں" کا اس نے خاتمہ کر دیا ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ فوجیوں کو رائفلوں جیسے ہتھیاروں کی بڑی مقدار ملی ہے۔

غزہ کے محکمۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام رفح کے شمال مغرب میں بے گھر ہوئے افراد کے کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 35 افراد ہلاک ہوئے، جن میں بیشتر خواتین اور بچے تھے۔