جاپانی گروپوں کا گوانگدونگ میں دوستانہ ڈریگن بوٹ ریس کا اہتمام

جاپان اور چین کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے جنوبی چین میں روایتی چینی ڈریگن بوٹ ریس منعقد کی گئی۔

جاپان سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں اور مقامی حکومتوں کے کُل 450 ملازمین نے ہفتے کے روز گوانگدونگ صوبے کے شہر فوشان میں منعقدہ اس مقابلے میں حصہ لیا۔

اس ریس کا اہتمام گوانگدونگ میں جاپان سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے گروپوں اور جاپان کے قونصلیٹ جنرل نے کیا تھا۔

شوخ رنگوں کی، اژدہے کی شکل والی ہر کشتی پر سوار تقریباً 20 ارکان کے عملے نے مقابلہ کیا۔ اِن اراکین نے 200 میٹر کے فاصلے تک اپنی پوری طاقت کے ساتھ چپّو چلائے۔

پہلی بار اس دوڑ میں شریک ہونے والے ایک رُکن نے کہا کہ بہتر دوستی کو فروغ دینے کے لیے تقریب کا انعقاد بہت معنی خیز ہے۔

کشتی چلانے والے ایک اور رُکن نے کہا کہ دوڑ زبردست تھی، اور ریس کے بعد ہم نے ایک دوسرے کو سراہا۔

منتظمین میں سے ایک، تانابے ہِساتو، جو گوانگژو میں جاپانی چیمبر آف کامرس کی قیادت کر رہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں اس دوڑ کو جاری رہتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ جاپانی اور چینی عوام بہتر تبادلے کے لیے مل کر مقامی ثقافت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔