بھارت میں تفریحی مقام پر آتشزدگی، 20 سے زائد افراد ہلاک

بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں لگنے والی آگ نے ایک اندرونِ خانہ تفریحی مقام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بچوں سمیت کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

راجکوٹ شہر میں ہفتے کے روز دوپہر کو آگ بھڑک اُٹھی۔ اُس نے ایک تفریحی مرکز کو جس میں گیمنگ آرکیڈ اور دیگر پرکشش سہولیات موجود تھیں، مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

وڈیو فوٹیج میں آتشزدہ مقام سے دھواں اُٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس وڈیو میں لوگوں کو ملبہ ہٹاتے اور بچاؤ کے کام میں مصروف بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا تعلق گجرات سے ہے۔ اُنہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ آتشزدگی کے حادثے سے "انتہائی رنجیدہ" ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے خیالات اُن تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔

مودی نے مزید کہا کہ متاثرہ افراد کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے مقامی انتظامی حکام کام کر رہے ہیں۔

پولیس اور آگ بُجھانے والے محکمے کے ارکان ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ آگ لگنے کی وجہ بھی تلاش کر رہے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ گجرات حکومت نے ریاست میں قائم تمام گیمنگ زونز کو اُس وقت تک سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دیا ہے جب تک کہ حکام یہ تعین نہیں کر لیتے کہ آیا اُن کے پاس آگ سے بچاؤ کے اقدامات عملاً موجود ہیں یا نہیں۔