سنگاپور میں سیکیورٹی کانفرنس کے دوران امریکی اور چینی وزرائے دفاع کی ملاقات ہو گی

امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سنگاپور میں ایک اہم سیکیورٹی کانفرنس کے دوران اپنے چینی ہم منصب ڈونگ جون سے ملاقات کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

پینٹاگون نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ یہ ملاقات شنگریلا ڈائیلاگ کے موقع پر ہونے والی ہے، جو 31 مئی کو شروع ہو گی۔

نومبر 2022 کے بعد امریکی اور چینی دفاعی سربراہان کے درمیان یہ پہلی بالمشافہ ملاقات ہو گی۔ آسٹن اور ڈونگ نے گزشتہ ماہ ویڈیو کال کی تھی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ نے گزشتہ نومبر میں سربراہی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ دفاعی حکام کے درمیان بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

توقع ہے کہ آسٹن اور ڈونگ، ملاقات کے دوران تائیوان اور بحیرہ جنوبی چین پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بیجنگ، تائیوان کے آس پاس کے علاقوں میں فوجی مشقوں کے ذریعے تائیوان پر دباؤ بڑھا رہا ہے اور بحیرہ جنوبی چین میں اپنی برتری منوانے کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں فلپائنی جہازوں پر پانی کی توپوں کا استعمال بھی شامل ہے۔