دو یُوباری خربوزے 19 ہزار ڈالر میں فروخت

موسم کی پہلی نیلامی میں شمالی جاپان کے شہر یُوباری میں کاشت کیے گئے اعلیٰ درجے کے دو خربوزے 30 لاکھ ین میں فروخت ہوئے۔ یہ رقم تقریباً 19 ہزار ڈالر بنتی ہے۔ اعلیٰ درجے کا یہ مہنگا پھل جاپان میں مقبول تحفہ ہے۔

ہوکّائیدو پریفیکچر کے مرکزی شہر ساپّورو کی ایک تھوک منڈی میں جمعہ کی صبح کئی خریداروں نے بولی کے عمل میں حصہ لیا۔

تقریباً 1,700 یُوباری خربوزے نیلامی کے لیے پیش کیے گئے جو ایک دن پہلے فصل سے حاصل کیے گئے تھے۔

یُوباری میں قائم سبزیوں و پھلوں کی پیکنگ کی ایک کمپنی نے سب سے زیادہ بولی لگائی۔ یہ مسلسل تیسرے سال اس کمپنی کی سب سے زیادہ بولی تھی۔

کمپنی کے صدر نودا کی یومِچی نے کہا کہ اس سال کے خربوزے انتہائی خوش ذائقہ ہیں اور وہ ان خربوزوں کو حاصل کرنے پر خوش ہیں۔

نودا نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بہت سے لوگ یُوباری آئیں گے اور خربوزوں سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ وہ جون میں یہ خربوزے مفت دیں گے۔

مقامی زرعی کوآپریٹو حکام کا کہنا ہے کہ اس سال اچھے موسم کی بدولت خربوزوں کی عمدہ نمو ہو رہی ہے۔