جاپان میں نئے یونیورسٹی گریجویٹس کے لیے شرح روزگار مالی سال 1996 کے بعد بلند ترین

جاپانی حکومت کے ایک سروے سے پتہ چلتا ہے کہ اس سال مارچ میں یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے 98.1 فیصد لوگوں کو نوکری مل گئی ہے۔ یہ شرح، مالی سال 1996 میں ایسا سالانہ سروے شروع ہونے کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

محنت اور تعلیم کی وزارتوں نے جاپان بھر کی 112 یونیورسٹیوں اور دیگر اداروں میں تعلیم مکمل کرنے والے 6,250 افراد سے ملازمت کی تلاش سے متعلق یکم اپریل تک ان کی سرگرمیوں کے بارے میں سروے کیا۔

نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل افراد کے لیے روزگار کی شرح 98.1 فیصد رہی، جو پچھلے سال کے اسی وقت کے مقابلے میں 0.8 فیصد زیادہ ہے۔

صنف کے لحاظ سے، 97.9 فیصد مردوں نے ملازمتیں حاصل کیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 0.6 پوائنٹ زیادہ ہے، جبکہ 98.3 فیصد خواتین نے ملازمت حاصل کر لی جو ایک پوائنٹ کا اضافہ ہے۔

پیشوں کی تربیت دینے والے اسکولوں کی شرح 97.5 فیصد تھی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 1.8 پوائنٹ زیادہ ہے۔ جونیئر کالجوں میں، 97.4 فیصد گریجویٹس کو روزگار ملا، جو کہ سال بہ سال کے اعتبار سے 0.7 پوائنٹس کم ہے۔

وزیر محنت تاکےمی کےزو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ افرادی قوت کی قلت کے نتاظر میں کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد فعال طور پر کارکنوں کو بھرتی کر رہی ہے۔