جاپانی سیلف ڈیفنس فورسز جون میں امریکی فوجی مشقوں میں حصہ لیں گی

جاپان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سیلف ڈیفنس فورسز، ایس ڈی ایف، اگلے ماہ امریکی فوج کی بڑے پیمانے کی فیلڈ ٹریننگ مشقوں میں حصہ لیں گی۔ ایسا پہلی بار ہو گا۔

وزارت نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ سیلف ڈیفنس فورسز سال میں دو بار ہونے والی مشقوں، والیئنٹ شیلڈ میں شامل ہوں گی۔ یہ مشقیں ہوائی، گوام، فلپائن اور جاپان میں جون کے اوائل سے دو ہفتوں تک منعقد ہوں گی۔ اوکیناوا اور شیکوکُو کے علاوہ جاپان کے دیگر ایس ڈی ایف مراکز بعض مشقوں کی میزبانی کریں گے۔

وزارت نے بتایا کہ امریکی لڑاکا طیارے آؤموری پریفیکچر میں میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے ہاچی نوہے ایئر بیس اور میاگی پریفیکچر میں ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے ماتسُوشیما ایئر بیس پر مشقیں کریں گے۔

امریکی فوج اور ایس ڈی ایف مشترکہ طور پر بحرالکاہل میں ای اوتو جزیرے پر ایک رن وے کی بحالی کی مشق کریں گے۔

والیئنٹ شیلڈ مشق کا انعقاد اس سال پہلی بار کثیر القومی فریم ورک کے تحت کیا جائے گا۔ بظاہر امریکی فوج کا مقصد جاپان کے آس پاس کے علاقوں میں ہنگامی حالات کے خلاف ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنانا اور شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون کو تقویت دے کر دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔