تعمیر نو منصوبوں پر بات چیت کے لیے چار جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں کا دورۂ یوکرین

تعمیر نو کے منصوبوں پر بات چیت کے لیے چار جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں نے یوکرین کے دارالحکومت کِیف کا دورہ کیا ہے۔

دورے پر گئے گروپ میں اُن کمپنیوں کے اہلکار شامل تھے جو بارودی سرنگوں کا سراغ لگانے اور انہیں ہٹانے والے آلات وغیرہ تیار کرتی ہیں۔ دیگر کا تعلق ایسی کمپنیوں سے تھا جو بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔

گروپ نے کیف کا دو روزہ دورہ کیا جو جمعرات کو اختتام پذیر ہوا۔ نمائندوں نے ریاستی ایمرجنسی سروس، وزارت معیشت اور ریاست کے زیر انتظام کاروباری اداروں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ فریقین نے تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

جاپانی حکومت نے یوکرین کو بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے والے آلات فراہم کیے ہیں۔ بارودی سرنگوں کی صفائی کے منصوبوں پر بات چیت کے دوران، طویل مدتی تکنیکی مدد اور عملے کو آلات کا استعمال سکھانے کے لیے تربیتی سیشنز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

آمےمیا ماکوتو ایک ایسی کمپنی کے صدر ہیں جو بارودی سرنگیں ہٹانے والے آلات وغیرہ بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں کمپنیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے عملے کو یوکرین بھیجیں، تاکہ تعمیر نو کی کوششوں کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جا سکے۔

ساتو موتویُوکی ایسی کمپنی کے صدر ہیں جو بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے والے آلات تیار کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس دورے سے یوکرینی فریق کو یہ سمجھنے میں مدد ملی ہے کہ کمپنیاں یوکرین کی بحالی میں مدد کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔