آئی سی جے کے فیصلے سے قبل اسرائیل کا رفح پر حملے جاری رکھنے کا عزم

اسرائیل نے جنوبی غزہ کی پٹی میں واقع رفح میں فوجی کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے حالانکہ آئی سی جے یعنی عالمی عدالت انصاف، جارحیت روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی درخواست پر جمعہ کو اپنا فیصلہ سنانے والی ہے۔

آئی سی جے نے جمعرات کو اعلان کیا کہ رفح میں جاری اسرائیلی فوجی آپریشن کو رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر وہ اپنا حکم جاری کرے گی۔ واضح رہے کہ رفح میں بہت سے پناہ گزین پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی حکومت کے ایک ترجمان نے جمعرات کو کہا، "کرہ ارض کی کوئی طاقت اسرائیل کو اپنے شہریوں کی حفاظت اور غزہ میں حماس کا پیچھا کرنے سے نہیں روک سکے گی"۔

مقامی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں لڑائی سے مرنے والوں کی تعداد 35,800 ہو گئی ہے۔

جنوبی افریقہ نے اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی کا الزام لگانے کے بعد آئی سی جے میں مقدمہ دائر کیا تھا۔