جاپان، غزہ کے لیے اونروا کے ذریعے انسانی امداد بھیجے گا

حکومتِ جاپان، فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے، اونروا کے ذریعے غزہ کی پٹّی میں انسانی امداد کے سامان کی ایک کھیپ بھیجے گی۔

جاپانی حکام نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقدہ ایک تقریب میں امدادی اشیاء کی فہرست مذکورہ ادارے کے حکام کے حوالے کی۔ اس تقریب میں، مصر میں جاپان کے سفیر اوکا ہِروشی اور قاہرہ میں اونروا کے نمائندہ دفتر کی سربراہ سحر الجبوری نے شرکت کی۔

جاپانی حکومت، اونروا کی درخواست پر پانچ ہزار کمبل، دس ہزار پانی کے کنٹینرز اور دیگر سامان بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔

حکومت نے اس ادارے کی فنڈنگ ​​اِن الزامات کے بعد معطل کر دی تھی کہ اونروا کے عملے کے کچھ ارکان گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل پر حماس کے حملے میں ملوث تھے۔

تاہم، جاپانی حکومت نے اس ادارے کے انتظامی طریقوں میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنی جانب سے مالی امداد دوبارہ شروع کرے گی۔