ناگاساکی کے گورنر اور ناظم کا امریکہ کے نیم جوہری تجربے پر احتجاج

ناگاساکی پریفیکچر کے گورنر نے امریکہ کے حالیہ subcritical یعنی نیم جوہری تجربے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ منگل کے روز مغربی ریاست نیواڈا میں کیا گیا تھا۔

یہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے تحت اس نوعیت کا تیسرا تجربہ تھا اور ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق انتظامیہ "ان نیم جوہری تجربات کی تعداد بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے"۔

گورنر اوئشی کینگو نے جاپان میں امریکی سفیر راحم ایمانوئل کو ہفتے کے روز بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا ہے کہ اس تجربے سے جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں مزید تیزی آئے گی۔

انہوں نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے تمام تجربات کو ختم کرے جو جوہری ہتھیاروں کو برقرار رکھنے یا تیار کرنے میں معاون ہیں۔

ناگاساکی شہر کے ناظم نے بھی صدر بائیڈن اور جناب ایمانوئل کو احتجاجی مراسلہ روانہ کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے تجربات کی کبھی بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اس نے ایٹم بم متاثرین اور امن کی امید رکھنے والوں کی خواہشات کو پامال کر کے رکھ دیا ہے۔