جاپان کی فلپائن کو 5 بڑے گشتی جہازوں کے لیے ین قرضے کی پیشکش

جاپان نے فلپائن کو پانچ بڑے گشتی بحری جہاز فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جن کے لیے ین قرضے کی شکل میں سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔

فلپائنی وزیر خارجہ اینریک منالو اور جاپانی سفیر ایندو کازُویا نے جمعہ کو منیلا میں منعقدہ دستخطی تقریب میں شرکت کی۔

معاہدے کے تحت، اس خریداری کے لیے جاپان سرکاری ترقیاتی امداد کی مد میں 64 ارب ین، یا تقریباً 41 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کے قرضے فراہم کرے گا۔

فلپائنی وزیر نے اس پر جاپان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلپائن اپنے ملک اور وسیع بحری برادری کی خاطر بحری تحفظ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

قرضوں سے خریدے جانے والے 97 میٹر کلاس کے گشتی جہاز گہرے سمندروں پر طویل مدتی مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جنوبی بحیرہ چین کے متنازع پانیوں میں چین کی خود کو منوانے کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فلپائنی کوسٹ گارڈ کو ایسے جہازوں کی ضرورت ہے۔

جاپان اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک کو اب تک 12 گشتی جہاز فراہم کر چکا ہے۔