ہونڈا برقی گاڑیوں اور خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی پر 100 کھرب ین خرچ کرے گی

ہونڈا موٹر کا کہنا ہے کہ وہ ای وی یعنی برقی گاڑیوں اور خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کے سافٹ ویئر میں مالی سال 2030 تک 100 کھرب ین یا تقریباً 65 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

ہونڈا موٹر کے صدر اور اعلیٰ ترین ایگزیکٹو آفیسر می بے توشی ہیرو نے کہا، ’’ہمارا بنیادی مقصد مضبوط ای وی برانڈز اور کاروباری ماڈلز کی تخلیق کے ذریعے درمیانی اور طویل مدتی تیاری ہے۔ اور یہ بات مدنظر رکھتے ہوئے اُس وقت کے لیے تیاری کر رہے ہیں جب 2020 کی دہائی کے اواخر میں اور اس کے بعد برقی گاڑیاں زیادہ عام ہو چکی ہونگی‘‘۔

جاپانی کار ساز کمپنی کہہ چکی ہے کہ 2040 تک کمپنی کی تمام فروخت ای وی اور فیول سیل گاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔ می بے کا کہنا ہے کہ کمپنی کا ہدف تبدیل نہیں ہوا ہے۔

ہونڈا 2026 سے ایک نئی ای وی سیریز شروع کرنے اور 2030 تک دنیا بھر میں سات ماڈل فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کمپنی کا مقصد اپنی بیٹری کی ترقی اور سپلائی کے نظام کو بھی تقویت دینا ہے۔ وہ شمالی امریکہ میں خریداری کے اخراجات کو 20 فیصد سے زیادہ کم کرنا چاہتی ہے۔