اسمارٹ عینک سے یونیورسٹی کے امتحان میں ہیرا پھیری

ٹوکیو میں پولیس کو شبہ ہے کہ ایک 18 سالہ نوجوان نے یونیورسٹی میں داخلے کے امتحان میں ہیرا پھیری کے لیے اسمارٹ عینک استعمال کی ہے۔

پولیس دھوکہ دہی کے شبے میں نوجوان کے خلاف وکلائے استغاثہ کے پاس جلد سے جلد بھی جمعرات تک مقدمے کے کاغذات جمع کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

ہیرا پھیری کی یہ مبینہ واردات فروری میں واسےدا یونیورسٹی کے اسکول آف کریٹیو سائنس اینڈ انجینئرنگ میں ہوئی تھی۔

اس نوجوان پر الیکٹرانک عینک کے ذریعے امتحانی سوالات کی تصاویر لینے اور انہیں سوشل میڈیا نیٹ ورک X پر اپ لوڈ کر کے جواب حاصل کرنے کا شبہ ہے۔

نوجوان نے مبینہ طور پر امتحان میں دیئے گئے جوابات آن لائن حاصل کیے تھے۔ بعد ازاں نوجوان کو امتحان کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نوجوان نے الزامات کو تسلیم کر لیا ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ مایوس تھا کیونکہ وہ پہلے ہی اپنی من پسند قومی یونیورسٹی میں داخلے کے امتحان میں ناکام ہو چکا تھا۔