تعمیر نو کے حوالے سے بات چیت کیلیے جاپانی کاروباری اداروں کا دورہ کیف

چار جاپانی کاروباری اداروں کے نمائندے روس کے حملے کے تناظر میں یوکرین کی تعمیر نو کی امداد بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اگلے ہفتے کیف کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گروپ 22 سے 23 مئی تک یوکرین کے دارالحکومت کا دورہ کرے گا۔

جاپان کی جانب سے فروری میں یوکرین کی تعمیر نو کی کوششوں میں شامل کمپنیوں اور تنظیموں کے لیے کیف کی سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد یہ دورہ کیا جا رہا ہے۔

اگلے ہفتے ہونے والے اِس دورے میں ایک کمپنی کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔ اس کمپنی نے ایڈوانس لینڈ مائن امیجنگ سسٹم یعنی ایلِس تیار کیا تھا، جسے یوکرین کے حوالے کیا گیا ہے۔

یہ گروپ یوکرین کے سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کرے گا جن میں بارودی سرنگوں کو ہٹانے کی نگرانی کرنے والے اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

جاپانی حکومت یوکرین کی بحالی میں مدد کرنے والے کاروباری اداروں کے لئے حفاظتی مشاورت اور دیگر امداد مہیا کر رہی ہے۔