اِشی کاوا پینل نے 30 اموات کو زلزلے سے متعلقہ قرار دے دیا

وسطی جاپان کے جزیرہ نما نوتو میں نئے سال کے پہلے دن آنے والے طاقتور زلزلے کو چار ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ ماہرین کے ایک پینل نے آفات سے متعلق اموات کی تصدیق کے لئے اپنا پہلا اجلاس منعقد کیا ہے۔ پینل نے سفارش کی ہے کہ 30 اموات کو زلزلے سے متعلق ہلاکتوں کے طور پر تسلیم کیا جائے۔

زلزلے کی وجہ سے گھر سے دور رہنے کے دوران بظاہر تناؤ اور تھکاوٹ کی وجہ سے وفات پانے والے افراد کے اہل خانہ مالی امداد کے اہل ہو سکتے ہیں۔ سب سے پہلے، اُنہیں آفات سے متعلقہ ہلاکت کے طور پر تصدیق کے لئے درخواست جمع کرانے کی ضرورت ہے.

شرائط پر پورا اترنے والی اموات کے تعین کے لیے مقامی حکومتیں ماہرین کا ایک اجلاس طلب کرتی ہیں۔ اِس پینل کا پہلا اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔

اس میں واجیما اور سُوزُو شہروں کے ساتھ ساتھ نوتو ٹاؤن میں فوت ہونے والے رہائشیوں کی جمع شدہ 35 درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ پینل نے ان میں سے 30 ہلاک شدگان کی تصدیق کی سفارش کی۔