چینی EV پر امریکی محصولات میں 100 فیصد اضافہ

امریکی صدر جو بائیڈن کی حکومت نے کہا ہے کہ چینی ای وی گاڑیوں پر محصولات 25 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کر دیے جائیں گے۔

محصولات میں چار گنا اضافہ مختلف شعبوں میں درآمدی چینی مصنوعات کے خلاف توسیعی اقدامات کا حصہ ہے۔

جناب بائیڈن نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ بیجنگ کی طرف سے اعانت دے کر تیار کی گئی مصنوعات کی زیادہ پیداوار امریکی کاروباروں اور کارکنوں کو خطرات سے دوچار کر رہی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ نئے اقدامات میں سٹریٹجک شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا جہاں امریکہ تاریخی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ لیتھیم آئن بیٹریوں، سولر سیل اور سیمی کنڈکٹروں سمیت مختلف دیگر مصنوعات پر بھی محصولات میں تیزی سے اضافہ کیا جائے گا۔

ان اقدامات کے باعث چین سے مجموعی طور پر تقریباً 18 ارب ڈالر کی درآمدات متاثر ہونے کی توقع ہے۔