جاپان میں پی ایچ ڈی گریجویٹس کے لیے ملازمتوں کے مزید مواقع

ڈاکٹریٹ کے حامل افراد کو جاپان میں ایسی ملازمتیں تلاش کرنے میں عام طور پر بہت کم کامیابی ہوتی ہے جہاں وہ اپنی مہارت کا استعمال کر سکتے ہیں۔ کمپنیوں میں بھرتی کے شعبے اکثر یونیورسٹی کے نئے گریجویٹس کی خدمات حاصل کرنے کو زیادہ ترجیح دیتے آئے ہیں جنہیں شروع سے تربیت دی جا سکتی ہے۔ تاہم، اب کچھ جاپانی کمپنیاں اپنا طریقہ کار تبدیل کر رہی ہیں۔

بڑی مشروبات ساز کمپنی کِرِن ہولڈنگز نے پی ایچ ڈی ہولڈرز کو اپنی تعلیم مکمل کرنے پر یا کیریئر کے وسط میں بھرتی کرنے کے لیے ایک ویب سائٹ قائم کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مالی سال 2023 میں تحقیقی مناصب کے لیے بھرتی کیے گئے ڈاکٹریٹ گریجویٹس کا تناسب ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہو گیا ہے۔

کِرِن ہولڈنگز کے کادوتا تومویُوکی کا کہنا ہے کہ "ایک کاروبار کے طور پر، ہم ہیلتھ سائنس پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ متنوع پس منظر کے محققین نئے خیالات کی بنیاد پر مصنوعات میں نئی قدر پیدا کر سکتے ہیں"۔

کیمیکل کمپنی اَساہی کاسے، ہر سال تقریباً 20 پی ایچ ڈیز کو بھرتی کر رہی ہے۔ ڈاکٹریٹ کے بعد کے مزید باصلاحیت افراد کے حصول کے لیے یہ کمپنی 2023 سے پورا سال بھرتی کر رہی ہے۔