ٹوکیو کی غیر ملکی طلباء کیلیے جاپانی زبان سیکھنا آسان بنانے کی کوششیں تیزتر

ٹوکیو بورڈ آف ایجوکیشن غیر ملکی طلباء کی جاپانی تفہیم کو جانچنے کے ٹیسٹ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ ان کے لیے سیکھنے کا زیادہ معاون ماحول پیدا کیا جا سکے۔

تعلیمی بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تحت ملک میں داخل ہونے پر عائد پابندیاں نرم کیے جانے کے بعد سے ٹوکیو کے سرکاری اسکولوں میں جاپانی زبان کی رہنمائی کی ضرورت محسوس کرنے والے غیر ملکی طلباء کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ مئی تک یہ تعداد 5 ہزار 4 سو کے قریب تھی، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 1.5 گنا زیادہ ہے۔

تعلیمی بورڈ کے حکام نے ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت کے زیرِ انتظام تمام ہائی اسکولوں اور کچھ دوسرے اسکولوں میں ٹیسٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ ٹیسٹ طلباء کی سننے اور پڑھنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ الفاظ اور گرامر کی ان کی مہارت کو جانچنے کے لیے وضع کیے گئے ہیں۔

ان کے نتائج کی بنیاد پر اساتذہ، طلباء کو ان کی مہارت میں کمی پر قابو پانے میں مدد کے لیے انفرادی تدریسی منصوبے تیار کریں گے اور جن طلباء کو مدد کی ضرورت ہے انہیں اضافی جاپانی اسباق پڑھائے جائیں گے۔