افغانستان میں سیلاب سے کم از کم 85 افراد ہلاک

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں جمعرات اور جمعے کے روز ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں آنیوالے سیلاب سے کم از کم 85 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جمعہ کو لی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیچڑ سے بھرا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے اور تندوتیز موجیں عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہیں۔

طالبان عبوری حکومت کے زیرِ انتظام مقامی حکام نے کہا ہے کہ سینکڑوں عمارتیں تباہ ہوئیں یا بہہ گئی ہیں۔

حکومت اور مقامی حکام نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

گزشتہ ماہ ملک میں ہونے والی شدید بارشوں سے کم از کم 70 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 2000 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔