جاپانی وزیر دفاع کا MSDF جہاز کی مبینہ ڈرون ویڈیو پر ردعمل

جاپان کے وزیر دفاع کی ہارا مِنورُو کا کہنا ہے کہ وہ سیلف ڈیفنس فورس کی تنصیبات کی حفاظتی صلاحیتوں کو تقویت دیں گے۔ انہوں نے یہ بات بظاہر ڈرون سے بنائی گئی ایک ایسی ویڈیو ویب سائٹ پر ڈالے جانے کے بعد کہی ہے جس میں ایک اڈے پر لنگر انداز نظر آنے والے بحری جہاز کا میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (MSDF) کا ہونے کا انتہائی قوی امکان پایا گیا ہے۔

یہ فوٹیج مارچ میں ایک چینی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ اور دیگر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھی۔ بظاہر اس میں تباہ کن جہاز ایزُومو، ٹوکیو کے جنوب میں یوکوسوکا شہر میں واقع MSDF کے اڈے پر لنگر انداز ہے۔

وزارت دفاع نے جمعرات کے روز کہا کہ ویڈیو کا تجزیہ کیا گیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ویڈیو کے مستند ہونے کا انتہائی قوی امکان ہے۔

سیلف ڈیفنس فورس کے اڈوں کے قریب اور انکے اوپر بغیر پائلٹ کی فضائی گاڑیوں کی غیر مجاز پروازوں پر قانوناً پابندی ہے۔

جمعہ کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، کی ہارا نے کہا کہ وزارت اس طرح کی مداخلت روکنے کے لیے جدید آلات متعارف کرانے کی کوششوں کو تیز کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سیلف ڈیفنس فورسز کی تنصیبات کی حفاظتی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں، قانون کی طرف سے اجازت کے مطابق جامنگ کا استعمال کرتے ہوئے ایسے طیاروں کی زبردستی لینڈنگ کرانے کی مثال پیش کی۔