وزیراعظم کشیدا کا سوئٹزرلینڈ میں یوکرین امن کانفرنس میں شرکت کا ارادہ

سرکاری ذرائع کے مطابق، جاپان کے وزیراعظم کِشیدا فُومیو آئندہ ماہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی اُس بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں یوکرین کے لیے امن عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

توقع ہے کہ جناب کِشیدا، یوکرین کے لیے جاپان کی مسلسل حمایت کا عہد کریں گے اور امن کی امید رکھنے والے ممالک کی یکجہتی کی تصدیق کریں گے۔

سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے رواں ماہ کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ روس کے یوکرین پر طول پکڑتے حملے کے تناظر میں وہ 15 اور 16 جون کو تفریحی مقام برگن اسٹاک میں ’یوکرین میں امن‘ کے موضوع پر سربراہ اجلاس منعقد کرے گی۔

اس میں کہا گیا ہے کہ شرکاء یوکرین کی طرف سے پیش کردہ امن منصوبے اور دیگر تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔ کیف نے 10 نکاتی امن فارمولہ پیش کیا ہے جس میں روسی فوجیوں کا انخلاء اور یوکرین کی علاقائی سالمیت کی بحالی شامل ہے۔

سوئس حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے دنیا بھر سے 160 سے زیادہ وفود کو مدعو کیا ہے۔