شمالی کوریا کے سابق پروپیگنڈا چیف کِم گی نَم چل بسے

شمالی کوریا کی قیادت کے ایک سابق رکن، جنہوں نے حکمراں کم خاندان کی تینوں نسلوں کیلئے خدمات انجام دیں، مبینہ طور پر 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

سرکاری کورین سینٹرل ٹیلی ویژن نے خبر دی ہے کہ شمالی کوریا کی حکمراں ورکرز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے سابق سیکریٹری ’’کِم گی نَم‘‘ منگل کے روز متعدد اعضاء فیل ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے بدھ کی علی الصبح آخری رسومات کے ہال میں سابق عہدیدار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ورکرز پارٹی کے اخبار رودونگ سِنمُن کے چیف اداریہ نویس کی حیثیت سے کام کرنے کے بعد، کِم گی نَم نے 80 کی دہائی میں پارٹی کے پروپیگنڈے اور نظریاتی کنٹرول کی کارروائیوں کی نگرانی کرنا شروع کی۔

ان کی خدمات ملک کے بانی کم اِل سنگ، ان کے بیٹے کم جونگ اِل اور موجودہ رہنما کم جونگ اُن، کی حکومتوں پر محیط ہیں۔

جنوبی کوریا کی یونہاپ نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ کِم گی نَم نے شمالی کوریا کے رہنماؤں کی تعظیم میں اضافہ کرنے کی کوششوں کی منصوبہ بندی کی۔

کم جونگ اُن نے مبینہ طور پر ایک تجربہ کار انقلابی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے جو اپنی موت تک ایک وفادار اور قابل عہدیدار رہے۔