روسی صدر پوٹن کی پانچویں مدت کا آغاز

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کو اپنی پانچویں مدت کے لیے حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ 2030 تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔

جناب پوٹن نے کریملن میں ہونے والی ایک تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

انہوں نے یوکرین میں تعینات روسی فوجیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "ہم ایک متحد اور عظیم قوم ہیں۔ ہم مل کر تمام رکاوٹوں پر قابو پائیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ ہماری سوچ حقیقت بن جائے۔ ہم مل کر فتحیاب ہوں گے!"

ادھر، روسی اپوزیشن کے آنجہانی لیڈر الیکسی ناوالینی کی بیوہ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

یولیا نوالنایا نے کہا: "ہمارے ملک کی قیادت اس وقت ایک دروغ گو، چور اور قاتل کے ہاتھ میں ہے، لیکن یہ سلسلہ ختم ہو گا۔ ہمت نہ ہاریں، سچ کی فتح ہو گی"۔

توقع ہے کہ جناب پوٹن دوست ممالک کے ساتھ روس کے تعاون پر توجہ مرکوز کریں گے اور یوکرین پر ماسکو کے حملے سے متعلق مغربی ممالک کے ساتھ گہرے اختلافات کے تناظر میں قومی یکجہتی پر زور دیں گے۔