جنوبی افریقہ میں عمارت منہدم، 2 افراد ہلاک اور درجنوں ملبے تلے

جنوبی افریقہ میں زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں دو مزدور ہلاک ہو چکے ہیں اور درجنوں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ جنوبی افریقہ کے شہر جارج میں ملک کے جنوب مغرب میں پیر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے کے بعد پیش آیا۔ حادثے میں 75 میں سے بیشتر مزدور منہدم ہونے والی عمارت کی لپیٹ میں آ گئے۔

مقامی حکام کے مطابق 22 مزدوروں کو ملبے سے نکال کر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم بعد ازاں دو افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔

باقی 53 مزدوروں کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، جن کے ملبے تلے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔

سکیورٹی کیمرے سے حاصل ہونے والی ویڈیو میں عمارت کو اچانک منہدم ہوتے اور رہائشی علاقے میں گرد و غبار کا سفید بادل پھیلتا دکھایا گیا ہے۔

شہر کے حکام اور پولیس امدادی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے حادثے کے اسباب کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔