برازیل میں شدید بارشیں، 83 ہلاک، 100 سے زائد لاپتہ

جنوبی برازیل میں حکام کے مطابق مسلسل موسلا دھار بارشوں سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 83 ہو گئی ہے۔ 100 سے زائد افراد بدستور لاپتہ ہیں۔

جنوبی ریاست ریو گراندے دوسل کے بعض علاقوں میں اپریل کے آخر سے 500 ملی میٹر سے زائد ریکارڈ بارشیں ہو چکی ہیں۔

شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر سیلاب آنے، مٹی کے تودے پھسلنے اور ایک ڈیم کے جزوی طور پر منہدم ہونے سمیت ریاست بھر کو نقصان پہنچا ہے۔

مقامی حکام نے پیر کو بتایا کہ 83 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 111 دیگر ابھی تک لاپتہ ہیں۔

اس آفت کی وجہ سے 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں اور 8 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد بجلی کی بندش، پانی کی فراہمی میں خلل اور دیگر مسائل سے دوچار ہیں۔