شمالی کوریا میں مقامی پولیس سربراہان کا 12 سالوں میں پہلا اجلاس

شمالی کوریا کے مقامی پولیس سربراہان نے 12 سالوں میں پہلی بار ملاقات کی ہے۔ اس امر کو رہائشیوں پر کنٹرول سخت کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ برانچ پبلک سکیورٹی اسٹیشن کے سربراہان کی قومی کانفرنس، پیانگ یانگ میں منعقد ہوئی۔ ملک کے رہنماء کِم جونگ اُن نے شرکاء کے ساتھ اتوار کے روز تصاویر کھنچوائیں۔

مذکورہ ذرائع ابلاغ نے کِم کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا ہے کہ "برانچ پبلک سکیورٹی اسٹیشنوں کے سربراہان اور لوگوں کے قریب رہنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو تیز دھاری طاقت بن کر اُن تمام عناصر کے خلاف بھرپور جدوجہد کرنی چاہیے جو اِس سوشلسٹ ملک میں بیجا مداخلت کرتے ہیں"۔

برانچ پبلک سکیورٹی اسٹیشنز، قانون نافذ کرنے والی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ رہائشیوں کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔

شمالی کوریا کی قیادت غیرملکی ثقافت کی ملک میں آمد سے محتاط رہی ہے۔

اُس نے سال 2020ء سے ایسے قوانین متعارف کروائے ہیں جن کا مقصد کورونا وائرس کی روکتھام کے لیے سخت تر سرحدی کنٹرول کے ساتھ ساتھ نظریے اور زبان پر کنٹرول کو تقویت دینا ہے۔