اسرائیل، حماس مذاکرات میں تعطل کے دوران سی آئی اے کے سربراہ کا دورۂ قطر

غزہ میں لڑائی میں وقفہ کرنے اور یرغمالیوں کی رہائی پر اسرائیل اور حماس کے مذاکرات میں تعطل کے دوران امریکی انٹیلی جنس ایجنسی، سی آئی اے کے سربراہ قطر روانہ ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے اتوار کے روز خبر دی کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز قطر کے وزیرِ اعظم سے ہنگامی ملاقات کے لیے دوحہ جا رہے ہیں۔

حماس کے مندوبین اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے بغیر مصر سے واپس چلے گئے ہیں۔ گروپ نے مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

رائٹرز نے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ جناب برنز کے دورۂ قطر کا مقصد مذاکرات جاری رکھنے کے لیے اسرائیل اور حماس پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنا ہے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر رفح پر اتوار کے روز بھی حملے جاری رکھے۔ رائٹرز کے مطابق کم از کم 19 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

این ایچ کے، کے غزہ دفتر سے کیمرے کے عملے کی لی گئی ایک وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ہلاک یا زخمی ہونے والے افراد کو یکے بعد دیگرے ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔