امریکی ہند بحرالکاہل کمان کے نئے سربراہ کا چین کے خلاف انتباہ

امریکی ہند بحرالکاہل کمان کے نئے سربراہ نے چین کے خلاف انتہائی چوکنا رہنے کا اظہار کیا ہے اور خطے کی دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے ارادے کا اشارہ دیا ہے۔

ایڈمرل سیموئیل پاپارو جمعہ کو ہوائی میں ایڈمرل جان اَکیلینو کی جگہ کمان سنبھالنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

پاپارو نے کہا کہ امریکی ہند بحرالکاہل کمان کو ہند بحرالکاہل خطے میں چین کی "بڑھتی ہوئے دخل اندازی اور توسیع پسندانہ منصوبوں" کا جواب دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمان آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل کے تحفظ کے لیے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

آسٹن نے کہا کہ چین "وہ واحد ملک ہے جو ہند بحرالکاہل خطے پر غلبہ حاصل کرنے اور عالمی نظام کو اپنے مطلق العنان تصور کے مطابق ڈھالنے کی ناصرف خواہش رکھتا ہے بلکہ اسکے لیے درکار صلاحیت کو تیزی سے بڑھا رہا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ چین ان کی وزارت کے لیے "بڑھتا ہوا چیلنج" بنا ہوا ہے۔