پیراماؤنٹ گلوبل کے لیے سونی پکچرز اور اپولو کی 26 ارب ڈالر کی پیشکش

امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جاپان کے سونی گروپ اور ایک نجی ایکویٹی کمپنی نے امریکی میڈیا کی بڑی کمپنی پیراماؤنٹ گلوبل کے لیے 26 ارب ڈالر کی نقد رقم کی پیشکش کی ہے۔

وال سٹریٹ جرنل اور دیگر نے مذکورہ پیشکش سے واقف حلقوں کے حوالے سے جمعرات کے روز یہ انکشاف کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ اور اپولو گلوبل مینجمنٹ نے مشترکہ طور پر پیراماؤنٹ گلوبل کو خریداری میں دلچسپی کی دستاویز پیش کی ہے۔

بشمول پیراماؤنٹ پکچرز اور سی بی ایس، پیراماؤنٹ گلوبل دنیا کے بعض بڑے میڈیا اثاثوں کی مالک ہے۔ سی بی ایس امریکہ کے تین بڑے ٹی وی نیٹ ورکس میں سے ایک ہے۔

سونی گروپ فلم سازی پر بھی بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ اس نے 1989 میں کولمبیا پکچرز کو خریدا تھا۔

معاہدے کی شرائط کے تحت، باور کیا جاتا ہے کہ سونی گروپ پیراماؤنٹ گلوبل کا اکثریتی شیئر ہولڈر بن جائے گا۔

تاہم، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ پیراماؤنٹ گلوبل انضمام کے لیے الگ سے اسکائی ڈانس نامی پروڈکشن کمپنی کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔