یو ایس اسٹیل کی مجوزہ خریداری مؤخر: نیپون اسٹیل

نیپون اسٹیل کا کہنا ہے کہ وہ یونائیٹڈ اسٹیٹس اسٹیل کی خریداری اس سال کے آخر تک مؤخر کر دے گا۔ پہلے اس جاپانی کمپنی نے مذکورہ امریکی اسٹیل ساز کمپنی ستمبر تک خرید لینے کا منصوبہ بنایا تھا۔

نیپون اسٹیل نے یہ اعلان جمعہ کو کیا۔

فولاد بنانے والی اس جاپانی کمپنی نے کہا کہ امریکی حکام سے منظوری حاصل ہونے کے ٹائم فریم پر غور و فکر کے بعد سودے کی تکمیل کی متوقع تاریخ پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ کمپنی نے یہ سودا مکمل کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

نیپون اسٹیل نے گزشتہ سال دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ اس نے یو ایس اسٹیل کو اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی بنانے، اور اس سال ستمبر تک خریداری کا عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یو ایس اسٹیل کے حصص مالکان نے اپریل میں منعقدہ جنرل میٹنگ میں مجوزہ سودے کی منظوری دے دی تھی، لیکن یونائیٹڈ اسٹیل ورکرز یونین اس کے خلاف ہے۔

قبل ازاں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر وہ نومبر میں ہونے والا صدارتی انتخاب جیت گئے تو وہ اس معاہدے کی راہ فوراً مسدود کر دیں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن بھی کہہ چکے ہیں کہ یو ایس اسٹیل کو "مکمل طور پر امریکی" رہنا چاہیے۔