سوئٹزرلینڈ یوکرین امن کانفرنس کی میزبانی کرے گا

سوئٹزرلینڈ کا کہنا ہے کہ وہ، یوکرین کے لیے امن عمل کی تیاری سے متعلق اگلے ماہ ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ اس کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یوکرین کی طرف سے پیش کردہ امن منصوبے اور دیگر تجاویز پر پیشرفت کی جائے گی۔

سوئس حکومت نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ وہ 15 اور 16 جون کو برگن اسٹاک ریزورٹ میں یوکرین میں امن کے موضوع پر سربراہی اجلاس منعقد کرے گی اور یہ کہ اس نے دنیا بھر سے 160 سے زیادہ وفود کو مدعو کیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ نے کہا کہ ابھی تک روس کو مدعو نہیں کیا گیا ہے کیونکہ وہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے عدم دلچسپی کا بارہا اور کھلے عام اظہار کر چکا ہے۔

سوئٹزرلینڈ نے روس کے بغیر امن عمل کو ناقابل تصور قرار دیتے ہوئے خیال ظاہر کیا کہ کانفرنس کے بعد ماسکو کو اس عمل میں شامل ہونے کی ترغیب ملے گی۔

یوکرین نے 10 نکاتی امن فارمولہ پیش کیا ہے جس میں یوکرین کی سرزمین سے روسی افواج کا انخلاء اور یوکرین کی علاقائی سالمیت کی بحالی شامل ہے۔