سیاحوں کا ناپسندیدہ رویہ، ماؤنٹ فُوجی کا نظارہ اسکرین لگا کر بند

کوہ فوجی کے دامن میں واقع ایک قصبے میں اس مشہور جاپانی پہاڑ کے نظارے کو بند کرنے کے لیے ایک بڑی اسکرین نصب کی جا رہی ہے۔ یہ مقام ایک کنوینئنس اسٹور کے قریب ہے جو فوٹو گرافی کے لیے سیاحوں میں مقبول ہے۔ یہ اقدام اس علاقے میں آنے والے بعض سیاحوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی پریشانیوں سے نمٹنے کے لئے اٹھایا جا رہا ہے۔

ماؤنٹ فوجی کو یاماناشی پریفیکچر کے شہر فوجی کاواگُوچیکو میں اِس اسٹور کے بالکل اوپر دیکھا جا سکتا ہے۔

کچھ لوگ اسٹور کے سامنے مصروف سڑک پار کرتے ہیں اور پہاڑ کی تصاویر لینے کے لئے بلا اجازت نجی املاک میں داخل ہوتے ہیں۔

ایک قریبی ڈینٹل کلینک کا کہنا ہے کہ اُسے تمباکو نوشی اور کوڑا کرکٹ کے مسائل رہتے ہیں۔

اس کا مزید کہنا ہے کہ ٹیکسیوں اور ٹور بسوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے مریض بعض اوقات اپنی گاڑیاں پارک کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ مقامی رہائشیوں نے قصبے کی انتظامیہ سے کارروائی کرنے کو کہا ہے۔

منگل کے روز کارکنوں نے 20 میٹر لمبی اور ڈھائی میٹر اونچی اسکرین کی تنصیب کے ساتھ ساتھ لوگوں کو سڑک پار کرنے سے روکنے کے لیے باڑ لگانے کا آغاز کر دیا۔

ٹاؤن اتنظامیہ کا کہنا ہے کہ باڑ لگانے کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا جبکہ اسکرین کی تنصیب وسط مئی کے آس پاس تک پایہ تکمیل تک پہنچنے کی توقع ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شہر کے باشندے سیفٹی کے حوالے سے فکرمند ہیں، لیکن انہیں لگتا ہے کہ سیاح آتے رہیں گے۔

ایک مقامی شخص کا کہنا ہے کہ وہ اس سڑک کو استعمال کرنے سے گریز کرنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ وہاں سیاحوں کی بھیڑ رہتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ اسکرین کی تنصیب سے یہ معاملہ حل ہو پائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے، لیکن انہیں امید ہے کہ اسکرین اس مقام پر بھیڑ کو کم کرے گی.