یونیورسٹیوں میں احتجاجی مظاہروں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن

امریکہ بھر کی یونیورسٹیوں میں غزہ تنازعے کے خلاف مظاہرے مزید پُرتشدد ہوتے جا رہے ہیں۔ نیویارک کی پولیس نے منگل کی رات سے بدھ کی صبح تک تقریباً 300 گرفتاریاں کی ہیں۔

کولمبیا یونیورسٹی میں ایک رات کی افراتفری کے بعد کیمپس میں امن و امان بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے داخل ہونے سے پہلے درجنوں لوگ ایک عمارت میں گھس گئے تھے۔ چند بلاکس کے فاصلے پر سٹی کالج آف نیویارک میں دیگر مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے گرفتاریوں کے بعد ایک نیوز کانفرنس منعقد کی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے کہ احتجاج کا قانونی حق، ایسے پرتشدد تماشے میں تبدیل ہو جائے جس کا نہ تو کوئی فائدہ ہے اور نہ ہی کوئی مقصد‘‘۔

لاس اینجلس کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں بھی پولیس کو طلب کیا گیا، جہاں فلسطینیوں اور اسرائیل کے حامی مظاہرین کا آمنا سامنا ہوا۔ تشدد پر قابو پانے میں پولیس کو کئی گھنٹے کا وقت لگا۔